”ہمارے علاقے کے بچے بڑے نہیں ہوتے“ — غزہ کے بچے کی بات نے جیکی چین کو رُلا دیا

حیدرآباد (دکن فائلز) غزہ میں اسرائیلی بمباری سے جنم لینے والا انسانی المیہ دنیا بھر کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔ معصوم بچوں اور خواتین پر ڈھائے جانے والے مظالم نے نہ صرف عالمی میڈیا بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔

حال ہی میں معروف ہالی وڈ اداکار **جیکی چین** بھی غزہ کے ایک فلسطینی بچے کی ویڈیو دیکھ کر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ وائرل ویڈیو میں ایک شخص بچے سے پوچھتا ہے کہ وہ بڑے ہو کر کیا بننا چاہتا ہے، جس پر بچہ جواب دیتا ہے: ”ہمارے علاقے کے بچے بڑے نہیں ہوتے۔“

اس ایک جملے نے جیکی چین کو آبدیدہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے کا یہ جواب سن کر ان کی آنکھوں سے آنسو بہنے لگے۔ جیکی چین کے مطابق، غزہ میں روزانہ کی بمباری یہ تلخ حقیقت دکھاتی ہے کہ زندہ رہ کر بڑا ہونا بھی ایک نعمت بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو جنگ، خوف اور تباہی کے باوجود بچپن سے بڑھاپے تک پہنچ پاتے ہیں۔ جیکی چین کا یہ جذباتی ردعمل سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جس میں ان کے چہرے پر غم اور بے بسی واضح دیکھی جا سکتی ہے۔

غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں ہزاروں بچے اپنی جان، خاندان اور مستقبل سے محروم ہو چکے ہیں۔ روزانہ سامنے آنے والی تباہی کی ویڈیوز اور تصاویر دنیا کو یہ سوال کرنے پر مجبور کر رہی ہیں کہ آخر معصوم بچوں کی حفاظت کے لیے مؤثر عالمی اقدامات کب کیے جائیں گے؟

جیکی چین کے آنسوؤں نے ایک بار پھر دنیا کی توجہ اس جانب مبذول کرا دی ہے کہ غزہ کے بچوں کی چیخیں صرف ایک خطے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کا امتحان ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں