حیدرآباد (دکن فائلز) امریکہ سے تعلق رکھنے والی معروف گلوکارہ جینیفر گروٹ نے ایک بار پھر دنیا بھر کے دلوں کو اپنی جانب متوجہ کرلیا ہے، مگر اس مرتبہ وجہ موسیقی نہیں بلکہ قرآنِ پاک کی پُرسوز، باوقار اور روح پرور تلاوت ہے، جس نے سننے والوں کے دلوں میں ایمان کی کیفیت پیدا کردی ہے۔ ان کی تلاوت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور ہر زبان پر تحسین کے کلمات ہیں۔
جینیفر گروٹ کی آواز میں قرآنِ پاک کی تلاوت کو محض ایک فنکارانہ پیشکش نہیں بلکہ خلوصِ دل، سچی عقیدت اور کلامِ الٰہی کے احترام کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔ سننے والے اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں کہ ان کی آواز دل کو چھو لیتی ہے اور روح میں اتر کر سکون عطا کرتی ہے، جو قرآنِ مجید کی ابدی عظمت اور تاثیر کا ثبوت ہے۔
رپورٹس کے مطابق جینیفر گروٹ نے 2013 میں اسلام قبول کیا تھا۔ قبولِ اسلام کے بعد ان کی زندگی میں ایک گہرا روحانی انقلاب آیا۔ انہوں نے قرآنِ پاک کی درست اور خوبصورت تلاوت سیکھنے کے لیے بھرپور محنت کی اور کلامِ الٰہی کی عظمت کو اپنی آواز کے ذریعے دنیا تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا۔ ان کی قرآنی تلاوتیں مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئیں، جنہیں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم ناظرین نے بھی غیر معمولی احترام کے ساتھ سنا۔
جینیفر گروٹ کو عرب دنیا میں شہرت اس وقت ملی جب وہ 2013 میں ’عرب گوٹ ٹیلنٹ‘ کے فائنلسٹ کے طور پر سامنے آئیں۔ عربی زبان سے ناآشنا ہونے کے باوجود انہوں نے عظیم کلاسیکی گلوکارہ امِ کلثوم کے گیت اس مہارت سے پیش کیے کہ جج اور ناظرین حیران رہ گئے۔ یہی عربی ثقافت اور موسیقی سے محبت انہیں مراکش لے آئی، جہاں انہوں نے زبان سیکھی، مقامی ثقافت کو اپنایا اور روحانیت کے سفر پر گامزن ہوئیں۔
مراقش میں قیام کے دوران اسلام کی تعلیمات اور قرآنِ پاک کے پیغام نے ان کے دل کو اس قدر متاثر کیا کہ وہ دائرۂ اسلام میں داخل ہو گئیں۔ اسلام قبول کرنے کے بعد ان کی قرآنی تلاوتیں مسلمانوں کے لیے روحانی سکون کا ذریعہ بن گئیں، جبکہ غیر مسلم افراد بھی اسے احترام، حیرت اور روحانی حسن کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
جینیفر گروٹ کی یہ قرآنی تلاوت اس حقیقت کی گواہ ہے کہ قرآنِ پاک کا پیغام آفاقی ہے اور اس کی تاثیر زبان، نسل اور سرحدوں سے بالاتر ہے۔ ان کی آواز میں تلاوتِ قرآن نہ صرف سننے والوں کے دلوں کو منور کر رہی ہے بلکہ قرآنِ مجید کی عظمت، اس کے روحانی نور اور اس کی ابدی حقانیت کو بھی اجاگر کر رہی ہے۔
موسیقی سے روحانیت اور پھر قرآنِ پاک کی تلاوت تک کا جینیفر گروٹ کا سفر اس بات کی خوبصورت مثال ہے کہ جب دل سچائی کی تلاش میں نکلے تو کلامِ الٰہی خود راستہ دکھاتا ہے۔


