مسلم پرسنل لا بورڈ کا اہم اور بڑا قدم: بڑی تعداد میں ماہر اور تربیت یافتہ مسلم وکلاء تیار کرنے کی مہم

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے ملک میں مسلم کمیونٹی کی قانونی پوزیشن کو مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم اور دور رس اقدام کیا ہے۔ بورڈ کا ماننا ہے کہ عدالتوں میں مسلمانوں کے مقدمات کی مؤثر نمائندگی نہ ہونے کی ایک بڑی وجہ ماہر اور تربیت یافتہ مسلم وکلاء کی کمی ہے۔

اسی پس منظر میں بورڈ نے مسلم بچوں اور نوجوانوں کو قانون کی تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینے کے لیے ایک منظم مہم شروع کی ہے۔ اس مہم کا مقصد مستقبل میں قابل، باصلاحیت اور پیشہ ور مسلم وکلاء کی ایک بڑی تعداد تیار کرنا ہے تاکہ مسلم کمیونٹی کو قانونی میدان میں مضبوط کیا جا سکے۔

پرسنل لا بورڈ کے مطابق آج کی صورت حال یہ ہے کہ بعض اوقات وکلاء مسلمانوں کے مقدمات لینے سے بھی گریز کرتے ہیں۔ ایسے حالات میں مسلم کمیونٹی کے لیے اپنے ماہر وکلاء کا ہونا بے حد ضروری ہو گیا ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اچھے وکیل ہی آگے چل کر عدلیہ میں جج بنتے ہیں، لیکن افسوس کہ ملک کی اعلیٰ عدالتوں میں مسلمان ججوں کی تعداد مسلسل کم ہوتی جا رہی ہے۔

بورڈ کے صدر مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے ایک خطاب میں کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں تمام شہری برابر ہیں اور آبادی کے تناسب سے ہر طبقے کو نمائندگی کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمانوں کی آبادی 18 سے 20 فیصد ہے تو سول سروسز اور عدلیہ میں ان کی نمائندگی صرف 2 سے 3 فیصد رہ گئی ہے، جبکہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں یہ شرح ایک فیصد سے بھی کم ہو چکی ہے۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ عیسائیوں کی آبادی تقریباً 4 فیصد ہے مگر سول سروسز میں ان کی نمائندگی آبادی سے زیادہ ہے، اسی طرح سکھ اور دیگر برادریوں کی شمولیت بھی نمایاں ہے۔ مولانا رحمانی کے مطابق جب پالیسی سازی کے اہم فیصلے ہوتے ہیں—چاہے وہ تعلیم، سلامتی، دفاع، معیشت یا خارجہ پالیسی سے متعلق ہوں—اگر ان میزوں پر مسلمان موجود نہ ہوں تو وہ اپنے مفادات کا تحفظ نہیں کر سکتے۔

صدر مسلم پرسنل لا نے زور دے کر کہا کہ مسلمانوں کو سول سروسز اور قانونی شعبے میں آنے کو اپنی ذہنی ترجیح بنانا ہوگا۔ اسے محض ایک سرکاری ملازمت نہ سمجھا جائے بلکہ ملک اور قوم کی خدمت کا ذریعہ تصور کیا جائے۔ اگر مسلمان دیانتداری کے ساتھ ان شعبوں میں آگے آئیں گے تو یہ نہ صرف ملک بلکہ خود مسلم کمیونٹی کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں