حیدرآباد: مسلم سماج کےلئے لمحہ فکر! ناجائز تعلقات کا عبرت ناک انجام، شادی شدہ خاتون کا عاشق کے ہاتھوں بہیمانہ قتل

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد میں ناجائز تعلقات کے نتیجے میں ایک دل دہلا دینے والا قتل کا واقعہ پیش آیا، جہاں دو مردوں سے خفیہ تعلقات رکھنے والی ایک شادی شدہ خاتون کو اس کے عاشق نے بے رحمی سے قتل کر دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ بورا بنڈہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔

این ٹی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ سکندرآباد کارخانہ علاقہ کی رہنے والی کنیز فاطمہ عرف زیبا (30) بیگم پیٹ میں واقع اروشی پب میں ایونٹس کے شعبے میں ملازمت کرتی تھی۔ زیبا نے 14 برس قبل کار ڈرائیور نواب مسعود خان سے محبت کی شادی کی تھی، جن سے اسے دو بیٹے ہیں۔

ماضی میں زیبا بنجارہ ہلز کے ایک پب میں کام کرتی تھی، بعد ازاں اس نے ملازمت چھوڑ کر پنجہ گٹہ کے اروشی پب میں کام شروع کیا۔ تقریباً چار سال قبل اس کی ملاقات بورا بنڈہ کے علاقہ علاپور کے رہنے والے ایم ڈی ظہیرالدین (31) سے ہوئی۔ ظہیرالدین شادی شدہ ہے اور اس کے بھی بچے ہیں، اس کے باوجود اس نے زیبا کے ساتھ ناجائز تعلق قائم رکھا۔

ظہیرالدین روزانہ شام کے وقت زیبا کو بائیک پر پب تک چھوڑتا اور رات میں ڈیوٹی مکمل ہونے کے بعد اسے گھر واپس چھوڑنا معمول بنا چکا تھا۔ تاہم، زیبا کے رویہ پر شبہ ہونے کے بعد ظہیرالدین نے اس کی لاعلمی میں اس کا واٹس ایپ اسکین کر کے اپنے موبائل میں انسٹال کر لیا اور اس کی چیٹنگ اور آنے والے پیغامات پڑھنے لگا۔

اتوار کے روز زیبا نے ظہیرالدین کو یہ کہہ کر ٹال دیا کہ اسے کوئی اور کام ہے، لیکن وہ بوئن پلی کے علاقے میں اپنے ایک نئے عاشق کے گھر چلی گئی۔ واٹس ایپ کے ذریعہ اس بات کا علم ہونے پر ظہیرالدین شدید غصہ اور حسد میں مبتلا ہو گیا۔

اسی رات تقریباً ساڑھے گیارہ بجے وہ اروشی پب کے قریب پہنچا، زیبا کو بائیک پر بٹھایا اور ایرّا گڈہ کے مینٹل ہاسپٹل کے میل وارڈ کے قریب ایک سنسان علاقے میں لے گیا۔ وہاں اس نے زیبا پر اپنے غصہ کا اظہار کیا اور جھگڑا شروع ہوگیا۔ جس کے بعد ظہیرالدین طیش میں آ گیا۔ اس نے پہلے چاقو سے حملہ کیا اور جب زیبا زمین پر گر پڑی تو ایک گرینائٹ کے پتھر سے اس کے سر پر وار کر کے بے دردی سے قتل کر دیا۔

قتل کے بعد ظہیرالدین گھر گیا، اہل خانہ کو واقعہ بتایا اور بعد ازاں بورا بنڈہ پولیس اسٹیشن میں خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور کلوز ٹیم موقع واردات پر پہنچیں اور شواہد جمع کیے۔ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے سکندرآباد کے گاندھی اسپتال کے مردہ خانے منتقل کیا گیا۔ مقتولہ کے شوہر نواب مسعود خان کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں