حیدرآباد (دکن فائلز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اور عالمی شہرت یافتہ اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، مگر اس بار وجہ کوئی نیا ڈرامہ یا فلم نہیں بلکہ شادی سے قبل طلاق سے متعلق ایک نجومی پیشگوئی پر ان کا دلچسپ اور طنزیہ ردعمل ہے، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں معروف نجومی سامعہ خان نے دعویٰ کیا کہ اگر ہانیہ عامر 2026 میں شادی کرتی ہیں تو ان کی ازدواجی زندگی کو طلاق جیسے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔ نجومی کے مطابق اداکارہ فی الحال شادی کے بجائے اپنے کیریئر پر توجہ دیں۔
یہ مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوا اور صارفین کے درمیان بحث کا موضوع بن گیا۔ تاہم ہانیہ عامر نے اس پیشگوئی پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے نہایت حاضر جوابی کا مظاہرہ کیا۔ اداکارہ نے وہی وائرل کلپ اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ری شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’’عجیب، پہلے شادی تو ہونے دو!‘‘
ہانیہ کا یہ ایک جملہ مداحوں کے دل جیت گیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے اداکارہ کے اس ردعمل کو غیر ضروری نجومی دعوؤں پر بہترین اور باوقار جواب قرار دیا، جبکہ کئی لوگوں نے ان کے اعتماد، حاضر دماغی اور بے باک انداز کو خوب سراہا۔
دوسری جانب اس واقعے کے ساتھ ہی ہانیہ عامر اور گلوکار و اداکار عاصم اظہر کے تعلقات سے متعلق قیاس آرائیاں بھی ایک بار پھر زور پکڑ گئی ہیں۔ عاصم اظہر اور ماڈل میرب علی کی علیحدگی کے بعد سوشل میڈیا پر یہ چہ مگوئیاں گردش کر رہی ہیں کہ ہانیہ اور عاصم دوبارہ قریب آرہے ہیں۔ یہ افواہیں اس وقت مزید مضبوط ہو گئیں جب دونوں کو یشمٰی گل کی سالگرہ سمیت مختلف تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ تاہم اس حوالے سے اب تک ہانیہ عامر اور عاصم اظہر کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ہانیہ عامر انسٹاگرام پر ایک کروڑ 94 لاکھ سے زائد فالوورز رکھتی ہیں اور وہ نہ صرف اپنی شاندار اداکاری بلکہ اپنی بے خوف، پرکشش شخصیت اور سوشل میڈیا پر سرگرم موجودگی کے باعث بھی بے حد مقبول ہیں۔ ’میرے ہمسفر‘، ’کبھی میں کبھی تم‘، ’دلربا‘، ’عشقیا‘ اور ’مجھے پیار ہوا تھا‘ جیسے کامیاب ڈرامے ان کے کریئر کا روشن باب ہیں۔


