حیدرآباد دکن سمیت ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا — رحمتوں، برکتوں اور مغفرتوں کا مہینہ سایہ فگن

حیدرآباد (دکن فائلز) حیدرآباد دکن سمیت ہندوستان کے مختلف شہروں میں رمضان المبارک 1447 ہجری کا چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی ہے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی و صدر مجلس علماء دکن کی جانب سے موصولہ مستند شہادتوں کی بنیاد پر باضابطہ اعلان کیا گیا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جن کی شرعی تحقیق و تصدیق کے بعد رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق 19 فروری 2026 بروز جمعرات یکم رمضان المبارک 1447 ہجری ہوگی۔ اس طرح آج کی رات پہلی تراویح ادا کی جائے گی اور اہل ایمان سحری کے اہتمام کے ساتھ کل سے روزوں کا آغاز کریں گے۔

رمضان المبارک وہ مقدس مہینہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے امتِ محمدیہ کے لیے رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا ذریعہ بنایا ہے۔ یہی وہ بابرکت مہینہ ہے جس میں قرآن مجید نازل ہوا، جس نے انسانیت کو ہدایت کی روشنی عطا کی۔ اس ماہِ مقدس میں ہر نیکی کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے، عبادات کا ذوق و شوق بڑھ جاتا ہے، مساجد نمازیوں سے آباد ہو جاتی ہیں اور دل ذکرِ الٰہی سے منور ہو جاتے ہیں۔

یہ صبر، تقویٰ، ایثار اور ہمدردی کا مہینہ ہے۔ روزہ محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ نفس کی تربیت، خواہشات پر قابو پانے اور اخلاق و کردار کو سنوارنے کا ذریعہ ہے۔ رمضان ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ ہم اپنے معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند افراد کا خیال رکھیں، زکوٰۃ و صدقات کے ذریعہ سماجی مساوات کو فروغ دیں اور آپس میں محبت و اخوت کو مضبوط کریں۔

حیدرآباد دکن کی تاریخی مساجد، بالخصوص مکہ مسجد اور دیگر عبادت گاہوں میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی روح پرور مناظر دیکھنے کو ملیں گے، جہاں تراویح کی صدائیں فضاؤں میں گونجیں گی اور شب بیداریوں کا اہتمام ہوگا۔ ملک بھر میں مسلمانانِ ہند اس بابرکت مہینے کے استقبال کے لیے عبادت، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں گے۔

’دکن فائلز‘ کی جانب سے عالمِ اسلام، ملک کے تمام اہلِ ایمان اور قارئینِ کرام کو رمضان المبارک کی پُرخلوص مبارک باد پیش کی جاتی ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مہینے کی حقیقی قدر کرنے، زیادہ سے زیادہ عبادت کرنے اور اپنی رضا حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے، ہماری دعاؤں کو قبول فرمائے اور امتِ مسلمہ کو اتحاد و سلامتی نصیب کرے۔

رمضان کریم مبارک۔

اپنا تبصرہ بھیجیں