حیدرآباد (دکن فائلز) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ریم شیخ نے اپنی ذاتی زندگی اور مذہبی رجحان کے حوالے سے کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کسی غیر مسلم شخص سے شادی نہیں کر سکتیں۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جب ان سے بین المذاہب تعلقات کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے واضح انداز میں کہا کہ وہ ایک مذہبی شخصیت رکھتی ہیں اور اپنی زندگی کے فیصلے بھی اسی بنیاد پر کرتی ہیں۔
ریم شیخ نے بتایا کہ وہ باقاعدگی سے پانچ وقت کی نماز ادا کرتی ہیں اور اب روزے بھی رکھنا شروع کر دیے ہیں، اس لیے ان کے لیے کسی ایسے شخص کے ساتھ زندگی گزارنا ممکن نہیں جو ان کے مذہب سے تعلق نہ رکھتا ہو۔
انہوں نے محبت کے تصور پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ذاتی تجربات، خصوصاً خاندان میں طلاق جیسے واقعات، نے انہیں محبت کے بارے میں محتاط بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے اپنے اردگرد کئی رشتوں کو ٹوٹتے دیکھا ہے، جس کی وجہ سے وہ اس معاملے میں سنجیدگی سے سوچتی ہیں۔
تاہم اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ انسان کے لیے محبت ضروری ہے کیونکہ یہی جذبہ انسان کو خدا اور دوسروں کے قریب لاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر محبت نہ ہو تو نہ صرف انسان اپنے رب سے بلکہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے بھی مضبوط تعلق قائم نہیں کر سکتا۔
واضح رہے کہ ریم شیخ کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے جہاں ان کی والدہ ہندو جبکہ والد مسلمان ہیں، تاہم انہوں نے اپنی مذہبی شناخت اور طرزِ زندگی کے حوالے سے واضح اور مضبوط مؤقف اختیار کیا ہے۔


