حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کے معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور ریئلٹی شو بگ باس کے فاتح منور فاروقی کے گھر بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، جس کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق منور فاروقی اور ان کی اہلیہ مہزبین کوٹ والا کے ہاں ننھی پری کی آمد ہوئی ہے۔ اس خوشی کے موقع پر کامیڈین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک جذباتی پیغام کے ذریعے اپنے مداحوں کو اس خوشخبری سے آگاہ کیا۔
منور فاروقی نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا: “گھر میں برکت آئی ہے، الحمداللہ”، اور ساتھ ہی اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں کی درخواست بھی کی۔ ان کی اس پوسٹ پر مداحوں، ساتھی فنکاروں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ یہ منور فاروقی کی دوسری شادی ہے۔ اس سے قبل ان کی شادی جیسمین نامی خاتون سے ہوئی تھی، جن سے ان کا ایک بیٹا میکائل ہے۔ دوسری جانب مہزبین کوٹ والا کی بھی یہ دوسری شادی ہے اور ان کی پہلی شادی سے ایک بیٹی سمیرا موجود ہے۔
منور فاروقی نے اپنی منفرد کامیڈی اور جرات مندانہ انداز کی بدولت کم وقت میں خاصی شہرت حاصل کی ہے۔ خاص طور پر بھارتی ریئلٹی شو بگ باس جیتنے کے بعد ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا۔
بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کے مداح نہ صرف خوشی کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ ننھی مہمان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


