انڈین یونین مسلم لیگ کی تاریخ میں پہلی بار خاتون رکن اسمبلی منتخب: فاطمہ تہلیہ، مسلم خواتین کےلئے مشعل راہ

حیدرآباد (دکن فائلز) کیرالہ کی سیاست میں ایک اہم اور تاریخی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں انڈین یونین مسلم لیگ نے اپنی 75 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو اسمبلی تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ پارٹی کی امیدوار فاطمہ تہلیہ نے اسمبلی انتخابات 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔

فاطمہ تہلیہ نے پیریمبرا اسمبلی حلقے سے کامیابی حاصل کی، جو طویل عرصے سے بائیں بازو کی جماعتوں، خاص طور پر سی پی ایم کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے بائیں محاذ کے سینئر رہنما اور کنوینر ٹی پی رام کرشنن کو شکست دے کر ایک بڑا سیاسی اپ سیٹ پیدا کیا۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ کامیابی نہ صرف مسلم لیگ بلکہ پورے یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جس نے ریاست میں بہتر کارکردگی دکھائی۔ مسلم لیگ کو طویل عرصے سے خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے تنقید کا سامنا رہا ہے۔ فاطمہ تہلیہ کی کامیابی کو اس تنقید کا عملی جواب قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی کے اندر اور باہر دونوں سطحوں پر اسے ایک مثبت تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ کامیابی مسلم لیگ کے لیے ایک نئے دور کا آغاز سمجھی جا رہی ہے، جہاں پارٹی اپنی روایتی سیاست سے ہٹ کر جدید تقاضوں کے مطابق خود کو ڈھالنے کی کوشش کر رہی ہے۔ فاطمہ تہلیہ کی جیت نے پارٹی کو ایک نئی شناخت اور سمت فراہم کی ہے۔

سیاسی رہنماؤں اور سماجی حلقوں نے فاطمہ تہلیہ کی کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے خواتین کی سیاسی نمائندگی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ فاطمہ تہلیہ کی کامیابی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر مواقع فراہم کیے جائیں تو خواتین سیاست میں بھی نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں