حیدرآباد (دکن فائلز) بالی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی نے اپنی نجی زندگی کے دردناک حالات دنیا کے سامنے رکھ کر مداحوں کو غمزدہ کر دیا۔ سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک جذباتی ویڈیو میں اداکارہ آسٹریا میں اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی قبر کی صفائی کرتے ہوئے زار و قطار روتی دکھائی دیں۔ یہ منظر دیکھ کر ہزاروں مداح بھی اشکبار ہوگئے۔
اداکارہ نے اپنے طویل پیغام میں انکشاف کیا کہ وہ اس وقت اپنے شوہر پیٹر ہاگ سے طلاق کے مقدمے سے گزر رہی ہیں اور ان پر سب سے بڑا صدمہ اپنے بچوں سے دوری کا ہے۔ سیلینا نے لکھا کہ گزشتہ چند ہفتے ان کی زندگی کے سب سے اذیت ناک دن ثابت ہوئے۔ وہ آسٹریا میں عدالت کے چکر لگا رہی تھیں، مگر عدالتی احکامات اور مشترکہ تحویل کے باوجود انہیں اپنے بچوں سے رابطے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے بچوں کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ایک ماں ہونے کے باوجود انہیں اپنے ہی بچوں سے بات کرنے تک نہیں دی جا رہی۔ اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ بچوں کو ان کے خلاف ذہنی طور پر متاثر کیا جا رہا ہے اور ان سے دور رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
سیلینا نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ “یہ ایک ایسی ماں کی کہانی ہے جس نے اپنے بچوں کے لیے سب کچھ قربان کر دیا۔ میں نے اپنا ملک، اپنا کیریئر، اپنے والدین سب چھوڑ دیے تاکہ اپنے شوہر کے خوابوں کو پورا کرنے میں اس کا ساتھ دے سکوں۔”
انہوں نے بتایا کہ وہ ہندوستان سے دبئی، سنگاپور اور آسٹریا تک مسلسل اپنے خاندان کے ساتھ منتقل ہوتی رہیں تاکہ شوہر کے کاروبار اور کیریئر کو سہارا دے سکیں۔ اداکارہ کے مطابق بچوں کی پرورش کی ذمہ داری بھی زیادہ تر انہی کے کندھوں پر رہی۔ اداکارہ نے نہایت کربناک انداز میں لکھا کہ شادی بچانے کی ہر ممکن کوشش کے باوجود انہیں صرف دکھ، بے عزتی اور ذہنی اذیت ملی۔ ان کے مطابق ان کے اثاثے بھی آہستہ آہستہ ان سے چھین لیے گئے۔
سب سے زیادہ دل دہلا دینے والا لمحہ وہ تھا جب سیلینا اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی قبر پر پہنچیں۔ ویڈیو میں وہ قبر صاف کرتے ہوئے شدتِ غم سے ٹوٹتی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے آنسو اور خاموش چیخیں مداحوں کے دلوں کو ہلا گئیں۔
ویڈیو دیکھنے کےلئے لنک پر کلک کریں:
https://www.instagram.com/reel/DX_00KpsdE6/
اداکارہ نے کہاکہ “میرے پاس یہ ویڈیو شیئر کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا تاکہ دنیا ایک ماں کا درد محسوس کر سکے۔” سیلینا جیٹلی کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور فلمی شخصیات کی جانب سے ان کے لیے ہمدردی اور حمایت کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ کئی صارفین نے کہا کہ ایک ماں کے لیے اپنے بچوں سے دوری دنیا کا سب سے بڑا عذاب ہے۔


