’الحمدللہ، گھر برکت آئی۔۔۔‘ منور فاروقی نے نومولود بیٹی کا خوبصورت نام ’بریرہ‘ رکھا، معنی جان کر مداح بھی متاثر

حیدرآباد (دکن فائلز) معروف کامیڈین، شاعر اور اداکار منور فاروقی ایک بار پھر خبروں میں ہیں، لیکن اس مرتبہ کسی شو، تنازع یا کامیڈی کے باعث نہیں بلکہ اپنی زندگی کی ایک نہایت خوشگوار خبر کی وجہ سے۔ منور فاروقی اور ان کی اہلیہ مہ جبین کوٹوالا نے اپنی نومولود بیٹی کا نام مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹی کا نام “بریرہ” رکھا ہے، جس کے معنی پاکیزگی، نیکی اور راست بازی کے ہیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی پوسٹ میں مہ جبین کوٹوالہ نے جذباتی انداز میں لکھا کہ “الحمدللہ، یکم مئی کو اللہ تعالیٰ نے ہمیں ایک خوبصورت بیٹی کی نعمت عطا فرمائی۔ ہم نے اس کا نام بریرہ منور فاروقی رکھا ہے۔ اللہ اسے مضبوط ایمان، خوشیوں اور برکتوں والی زندگی عطا فرمائے۔ آمین۔”

اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں، فنکاروں اور دوست احباب کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مداحوں نے نہ صرف ننھی بچی کے نام کو خوب سراہا بلکہ منور اور مہ جبین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

شیئر کی گئی تصاویر میں مہ جبین اپنی نومولود بیٹی کو محبت سے گود میں لیے ہوئے نظر آئیں۔ بچی کو گلابی کپڑے میں لپیٹا گیا تھا جبکہ اس کا چہرہ دل والے ایموجی سے چھپایا گیا۔ ایک اور خوبصورت تصویر میں منور اور مہ جبین ہاتھوں میں “بریرہ” لکھا ہوا نیم ٹیگ پکڑے دکھائی دیے۔ تصاویر کے پس منظر میں رنگ برنگے غبارے، تحائف اور کیک بھی نظر آئے، جس سے خوشیوں بھرا ماحول نمایاں ہو رہا تھا۔

اس فیملی فوٹو شوٹ میں منور فاروقی کے بیٹے میکائل اور مہ جبین کی پہلی شادی سے پیدا ہونے والی بیٹی بھی موجود تھیں، جس سے یہ منظر ایک مکمل اور خوشحال خاندان کی جھلک پیش کر رہا تھا۔

اس سے قبل منور فاروقی نے اسپتال سے چند جذباتی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مختصر مگر دل چھو لینے والا کیپشن لکھا تھا: “گھر برکت آئی… دعا میں خاص یاد رکھیں۔” اس پوسٹ نے بھی مداحوں کے دل جیت لیے تھے۔

یاد رہے کہ منور فاروقی نے 2024 میں میک اپ آرٹسٹ مہ جبین کوٹوالہ سے شادی کی تھی۔ اگرچہ منور اپنی ذاتی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے کافی حد تک دور رکھتے ہیں، لیکن بعد میں ایک وی لاگ میں انہوں نے اپنی شادی کے فیصلے کے پیچھے جذباتی وجہ بیان کی تھی۔

منور نے بتایا تھا کہ “جب میں بگ باس سے باہر آیا تو کام میں بہت مصروف ہوگیا تھا، جبکہ میرا بیٹا میکائل میری بہن کے پاس رہ رہا تھا۔ ایک ہفتہ وہ میرے ساتھ رہا اور جب واپس جانے لگا تو مجھے محسوس ہوا کہ میں اسے اپنے سے دور نہیں کرنا چاہتا۔ وہ بار بار مجھے گلے لگا رہا تھا، تب مجھے احساس ہوا کہ اسے میری ضرورت ہے۔ اسی لمحے میں نے فیصلہ کیا کہ مجھے اپنی زندگی کو ایک نیا رخ دینا چاہیے۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ مہ جبین کی زندگی کے حالات بھی ان جیسے تھے کیونکہ ان کی بھی ایک بیٹی ہے۔ “میں نے پوری رات دعا کی اور اگلے دن مہ جبین سے پوچھا کہ کیا وہ مجھ سے شادی کرنے کے لیے تیار ہیں۔”

منور فاروقی کی یہ خاندانی خوشی ان کے مداحوں کے لیے بھی خوشی کا باعث بن گئی ہے، اور سوشل میڈیا پر ننھی “بریرہ” کے نام اور اس کے خوبصورت معنی خوب زیرِ بحث ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں