گوشت اور لمبی عمر: نئی تحقیق نے ماہرین کو بھی حیران کر دیا

حیدرآباد (دکن فائلز) چین میں کی گئی ایک نئی طبی تحقیق میں گوشت کے استعمال اور لمبی عمر کے درمیان ایک دلچسپ تعلق سامنے آیا ہے۔ تحقیق کے مطابق 80 سال یا اس سے زائد عمر کی وہ خواتین جو گوشت استعمال کرتی ہیں، ان کے 100 سال تک زندہ رہنے کے امکانات سبزی خور خواتین کے مقابلے میں زیادہ پائے گئے۔

یہ تحقیق چین کے تین بڑے اداروں، فوڈان یونیورسٹی، چائنیز سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن اور شنگھائی جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے ماہرین نے مشترکہ طور پر انجام دی۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گوشت کے استعمال کا مثبت اثر خاص طور پر ان بزرگ خواتین میں زیادہ دیکھا گیا جن کا وزن معمول سے کم تھا۔

نتائج کے مطابق کم وزن رکھنے والی گوشت خور خواتین میں 100 سال تک زندہ رہنے کے امکانات 44 فیصد زیادہ تھے، تاہم نارمل یا زیادہ وزن رکھنے والی خواتین میں گوشت کھانے یا نہ کھانے سے کوئی واضح فرق سامنے نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق اس تحقیق کا مطلب یہ نہیں کہ صرف گوشت ہی لمبی عمر کا راز ہے، بلکہ اصل اہمیت متوازن غذا اور مناسب پروٹین کی ہے۔ تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا کہ وہ خواتین جو مکمل سبزی خور تھیں لیکن اپنی غذا میں مچھلی، انڈے یا دودھ جیسی پروٹین سے بھرپور اشیا شامل رکھتی تھیں، ان کی متوقع عمر بھی گوشت کھانے والی خواتین کے قریب دیکھی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر کے ساتھ جسمانی کمزوری، پٹھوں کی طاقت میں کمی اور وزن گرنے جیسے مسائل عام ہو جاتے ہیں، اس لیے بزرگ افراد کو اپنی غذا میں مناسب مقدار میں پروٹین اور کیلوریز شامل رکھنی چاہئیں۔

تحقیق نے اس خیال کو تقویت دی ہے کہ صحت مند اور طویل زندگی کے لیے کسی ایک غذا پر انحصار کے بجائے متوازن خوراک، مناسب وزن، جسمانی سرگرمی اور مجموعی طرزِ زندگی زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں