خاتم النبیین، رحمتہ للعالمین، حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی دنیا میں آمد کی خوشی کے دن کے موقع پر دنیا بھر میں جشن میلاد النبیﷺ مکمل مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
فلسطین، تیونس، شام، عراق، مصر اور لیبیا میں عاشقان رسولﷺ سے منفرد انداز میں نبی آخر الزمانﷺ سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا گیا۔
مساجد اور گلیاں سج گئیں، شمعیں روشن کی گئیں، میلاد کی محافل میں نبی پاکﷺ کی شان میں درود و سلام پیش کیا گیا۔
جشن عید میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے ایک عظیم الشان جلوس بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز کے علاقہ مولن بیک میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ نکالا گیا۔
یہ جلوس پچھلے 20 سالوں سے زائد عرصہ سے مولن بیک کی مختلف شاہراؤں سے پولیس کی نگرانی میں نکالا جاتا ہے۔ جامعہ اسلامیہ مولن بیک کی انتظامیہ جلوس کے تمام انتظامات اور امور کو سرانجام دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
جلوس مولن بیک پلس بیتر سے شروع ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دارالعلوم جامعہ اسلامیہ مولن بیک برسلز پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔
جلوس نماز عصر کے وقت شروع ہوا جبکہ بلیجیئم بھر سے عاشقان مصطفیٰﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وہیں برطانیہ بھر میں مذہبی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ لندن سے موصولہ اطلاع کے مطابق راچڈیل شہر میں بھی جشن عید میلادالنبیﷺ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔