دونوں پیروں سے معذور شخص کی 24 سالوں بعد رہائی عمل میں آئی۔ رہائی کے بعد اشفاق سعید شیخ نے جمعیۃ علما ہند مہاراشٹرا کے دفتر پہنچے اور قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی سے ملاقات کی۔
غور طلب ہے کہ سپریم کورٹ سے ضمانت منظور ہونے کے بعد بھی اشفاق سعید جو دونوں پیروں سے معذور ہیں کی ضمانت لینے کےلیے کوئی شخص تیار نہیں ہوا، اسی لیے ضمانت ملنے کے باوجود جیل سے رہا ہونے میں کافی دیر ہوگئی۔
جمعیۃ علما قانون امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے سعید شیخ کی رہائی کےلیے قانون امداد فراہم کی جبکہ دونوں پیروں سے معذور اشفاق نے تو جیل سے رہائی کی امید ہی چھوڑ چکے تھے۔ اشفاق نے گلزار اعظمی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گلزار اعظمی نے کہا کہ اس مقدمہ میں دیگر ملزمین آفتاب سعید شیخ، اصغر قادری شیخ، محمد یعقوب عبالمجید، محمد صغیر محمد بشیر اور محمد اقبال حنیف کی رہائی کےلیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ ان کی ضمانت پر سپریم کورٹ کی دو رکنی بنچ 23 نومبر کو سماعت کریگی جہاں سینئر وکیل نتیا راما کرشنن پیروی کریں گے۔
واضح رہےکہ اشفاق سعید شیخ پر الزام ہے کہ وہ 1998 ممبئی لوکل ٹرین دھماکہ کرنے والی گینگ کے اہم رکن تھے اور بم دھماکہ میں یہ دونوں پیروں سے معذور ہوگئے۔ اشفاق کو نچلی عدالت سے عمرقید کی سزا ملی تھی جسے بامبے ہائیکورٹ نے برقرار رکھا تھا جبکہ سپریم کورٹ میں اس معاملہ کی سماعت جاری ہے۔