ملک کے معروف کامیڈین منور فاروقی کا ممبئی کے باندرہ میں واقع آر ڈی نیشنل کالج میں شو رکھا گیا ہے۔ یہ شو 27 نومبر کو منعقد ہوگا۔ جیسے ہی اس شو کی اطلاع موصول ہوئی ہے، شو کے خلاف بی جے پی ممبئی کے یووا مورچہ نے احتجاج درج کرایا اور شو کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
بھارتیہ جنتا یووا مورچہ ممبئی نے آر ڈی نیشنل کالج کے پرنسپل اور ممبئی کمشنر وویک پھنسالکر کو اس شو کو منسوخ کرنے کے لیے خط لکھا ہے۔ خط میں ممبئی بی جے وائی ایم کے صدر تیجندر سنگھ توانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر منور فاروقی کا شو منسوخ نہیں کیا گیا تو بھارتیہ جنتا یوا مورچہ آر ڈی نیشنل کالج کے باہر زبردست مظاہرہ کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ‘منور فاروقی ہماری ثقافت اور دیوی دیوتاؤں کا مذاق اڑاتا ہے اس لیے ہم اس کا شو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے اس سلسلے میں نیشنل کالج ممبئی کے پرنسپل کو ایک میمورنڈم بھی دیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ کالج انتظامیہ معاملے کی سنگینی کو سمجھے گا اور منور فاروقی کا شو منسوخ کر دے گا۔