چین میں محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے باعث ملک میں تقریباً 60 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘ چین کی حکومت نے دسمبر میں کورونا وائرس کے حوالے سے پابندیاں ہٹانے کے بعد پہلی مرتبہ اموات کی تعداد بتائی ہے۔
نیشنل ہیلتھ کمیشن میں بیورو آف میڈیکل ایڈمنسٹریشن کے سربراہ جیاؤ یاہوی نے سنیچر کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک 59 ہزار 938 افراد ہلاک ہوئے۔‘
چینی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے خطرے کی زد پر موجود افراد کے لیے مانیٹرنگ اور مینجمنٹ کو مضبوط کریں گے، دیہی علاقوں میں ادویات، طبی آلات اور عملےکی تعداد بڑھائیں گے۔ چینی حکام کے مطابق کورونا اموات کا اندازہ لگانے کا چین کا معیار دیگر بڑے ممالک کے معیار کے مطابق ہے۔