ہندوستانی کرکٹرز سنجو سیمسن اور تلک ورما نے ٹی 20 میں نئی تاریخ رقم کردی

حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کرکٹر سنجو سیمسن نے ٹی 20 انٹرنیشنلز میں وہ کارنامہ سرانجام دے دیا جو آج تک دنیا کا کوئی بھی نہ کرسکا۔ گذشتہ جمعہ کو ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 135 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی تھی۔ جوہانسبرگ میں کھیلے گئے سیریز کے آخری میچ میں ٹیم انڈیا کے بیٹرز نے جنوبی افریقی بولرز کو دھول چٹادی اور چوکے چھکوں کی بارش کردی، مقررہ 20 اوورز میں صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 283 رنز بنا ڈالے۔

تلک ورما نے 47 گیندوں پر 120 اور سنجو سیمسن نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ تلک ورما کی مسلسل دوسری ٹی 20 سنچری تھی جبکہ سنجو سیمسن کی گزشتہ 5 ٹی 20 انٹرنیشنل اننگز میں تیسری سنچری تھی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف 109 رنز بنانے والے سنجو سیمسن ایک کلینڈر ایئر میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے۔

اس کے علاوہ سنجو 2 سے زیادہ ٹی 20 انٹرنیشنل سنچری اسکور کرنے والے تیسرے ہندوستانی بیٹر بھی ہیں، ان سے قبل روہت شرما اور سوریا کمار یادو 2 سے زیادہ سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔

دوسری جانب تلک ورما مسلسل 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پانچویں بیٹر بن گئے، اس کے علاوہ ازیں جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں سنجو اور تلک ورما کے درمیان 210 رنز کی شراکت بنی جو اس فارمیٹ میں ہندوستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر سب سے بڑی شراکت ہے، 284 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم صرف 148 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں