ایران کے جنوبی صوبے میں شدید بارش اور سیلاب کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور دیگر 6 افراد لاپتا ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ایران کی سرکاری خبرایجنسی ارنا نے صوبہ فارس کے گورنر یوسف کارگر کے حوالے سے بتایا کہ گزشتہ روز استبھان کے مرکزی علاقوں ایج اور رودبائی میں شدید بارش ہوئی اور سیلابی صورت حال پیدا ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے، جن کی لاشیں استبھان کے علاقے سے نکال لی گئی ہیں اور ان میں سے 13 کی شناخت ہوگئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تاحال مزید 6 افراد لاپتا ہیں۔
فارس کے گورنر نے بتایا کہ بڑی تعداد میں مقامی اور دیگر علاقوں سے آئے ہوئے سیاح دریا کنارے موجود تھے جہاں پانی کی سطح بلند ہونے کی وجہ سے سیلاب آیا۔
سوشل میڈیا میں جاری کی گئیں ویڈیوز میں دریا کے پانی میں کاروں کو بہتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے ایران میں سیلاب سے قیمتی جانوں اور املاک کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ہماری دعائیں متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور قدرتی آفت کی وجہ سے زخمی ہونے والوں کی فوری صحت یابی کے لیے دعاگوہ ہیں۔