حیدرآباد (دکن فائلز) شہرِ حیدرآباد میں جرائم کی نوعیت دن بہ دن خوفناک رخ اختیار کرتی جا رہی ہے۔ خاص طور پر ناجائز اور غیر اخلاقی تعلقات کے نتیجے میں قتل جیسے سنگین جرائم میں اضافہ پولیس اور سماج دونوں کے لیے باعثِ تشویش بنتا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ واقعات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اخلاقی زوال اور خوفِ خدا کے فقدان نے انسانی اقدار کو بری طرح مجروح کر دیا ہے۔
تازہ ترین واقعہ ناچارم پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آیا، جہاں ایک خاتون نے اپنے ناجائز تعلقات کی راہ میں رکاوٹ بننے والے شوہر کو ہی موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق اڈیشہ سے تعلق رکھنے والا نارائن بہرا اپنی بیوی بندھیتا اور بیٹی کے ساتھ اولڈ میرپیٹ کے شانتی نگر علاقے میں مقیم تھا۔ نارائن پیشے سے پلمبر تھا جبکہ اس کی بیوی ایک نجی کمپنی میں صفائی ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔
اسی گھر کے پڑوس میں بہار سے تعلق رکھنے والا ودیا ساگر رہائش پذیر تھا، جو ویلڈر کا کام کرتا تھا۔ قربت کے باعث رفتہ رفتہ بندھیتا اور ودیا ساگر کے درمیان ناجائز تعلقات قائم ہو گئے۔ شوہر کی موجودگی میں آزادانہ ملاقات ممکن نہ ہونے پر دونوں نے نارائن کو راستے سے ہٹانے کی سازش رچائی۔ منصوبے کے مطابق ودیا ساگر نے پہلے نارائن کو شراب پلائی، پھر گھر پہنچنے کے بعد بندھیتا نے جھگڑا کیا اور موقع ملتے ہی ودیا ساگر کے ساتھ مل کر لوہے کی راڈ سے مار کر شوہر کو قتل کر دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کیا اور مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
ادھر حیدرآباد کے پرانے شہر میں ناجائز تعلقات ایک بار پھر ایک ہنستے بستے گھرانے کی تباہی کا سبب بن گئے۔ پرانے شہر کے کاماتي پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع مہاراج گنج علاقے میں پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو ایک غیر مرد کے ساتھ دیکھنے پر طیش میں آکر دونوں پر چاقو سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں بیوی کا مبینہ عاشق ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ہفتہ کی صبح پیش آیا۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ ملزم روی کو شبہ تھا کہ اس کی بیوی کا امِت سنگھ نامی شخص کے ساتھ گزشتہ چند برسوں سے ناجائز تعلق ہے۔ اس بات کا علم ہونے کے بعد روی شدید غصے اور اشتعال میں مبتلا ہو گیا اور موقع ملتے ہی مہاراج گنج علاقے میں اپنی بیوی اور اس کے مبینہ عاشق پر تیز دھار چاقو سے حملہ کر دیا۔
اس اچانک حملے میں امِت سنگھ شدید زخمی ہو گیا، جبکہ خاتون کو بھی چوٹیں آئیں۔ موقع پر موجود مقامی افراد نے فوراً امِت کو قریبی اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کاماتي پور پولیس موقع پر پہنچی اور شواہد اکٹھے کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم روی کے خلاف قتل کی کوشش اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ تفتیش کے دوران پولیس کو ایک ویڈیو بھی ملی ہے، جس میں ماضی میں میاں بیوی کے درمیان اسی معاملے پر جھگڑا ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں کے درمیان کافی عرصے سے تنازع چل رہا تھا۔


