حیدرآباد (دکن فائلز) دہلی میں واقع عظیم روحانی مرکز درگاہِ حضرت نظام الدین اولیاءؒ ایک افسوسناک حادثہ کے بعد سوگ میں ڈوب گئی، جہاں درگاہ کے سجادہ نشین سید محمد نظامی اپنے گھر میں گیزر پھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئے۔
یہ حادثہ ہفتہ کی شام اس وقت پیش آیا جب غسل خانہ میں اچانک گیزر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں شدید دھماکہ اور آگ بھڑک اٹھی۔ سید محمد نظامی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
مرحوم خواجہ حسن ثانی نظامی کے بھتیجے اور سلسلۂ چشتیہ نظامیہ کے ممتاز روحانی وارث تھے۔ ان کی وفات پر اہلِ خانہ، درگاہ انتظامیہ اور عقیدت مند گہرے صدمہ میں ہیں۔
پولیس اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر حادثہ کی وجہ تکنیکی خرابی بتائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر تعزیت اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔


