بڑی خبر: الیکشن کمیشن نے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا، ووٹنگ 9 اپریل سے شروع، نتائج 4 مئی کو (جانیں تفصیلات)

حیدرآباد (دکن فائلز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اتوار کو ملک کی چار ریاستوں اور ایک مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ انتخابات کا آغاز 9 اپریل سے ہوگا جبکہ تمام ریاستوں اور علاقے کے نتائج 4 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات مغربی بنگال، تمل ناڈو، کیرالا، آسام اور مرکز کے زیر انتظام علاقہ پڈوچیری میں منعقد ہوں گے۔ یہ اعلان چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے نئی دہلی کے وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف ریاستوں میں ووٹنگ درج ذیل شیڈول کے مطابق ہوگی:
آسام، کیرالا اور پڈوچیری: ایک ہی مرحلے میں 9 اپریل کو ووٹنگ
تمل ناڈو: ایک مرحلے میں 23 اپریل کو ووٹنگ
مغربی بنگال: دو مرحلوں میں ووٹنگ، 23 اپریل اور 29 اپریل

ان تمام انتخابات کی ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ایک ساتھ کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ان پانچ خطوں میں مجموعی طور پر تقریباً 17.4 کروڑ ووٹرز اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ انتخابات 824 اسمبلی حلقوں میں منعقد ہوں گے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پورے انتخابی عمل کے لیے 2.19 لاکھ پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے جبکہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تقریباً 25 لاکھ اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں