تلنگانہ شدید گرمی کی لپیٹ میں! حیدرآباد سمیت متعدد اضلاع میں ’آورنج الرٹ‘۔ درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچنے کا خدشہ (ضروری ہدایات)

حیدرآباد (دکن فائلز) ریاست تلنگانہ اس وقت شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جہاں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور کئی علاقوں میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر چکا ہے۔ صبح کے اوقات میں ہی سورج کی تپش لوگوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست کے متعدد اضلاع بشمول عادل آباد، محبوب نگر، نظام آباد، جگتیال، سرسلہ، حیدرآباد، نرمل، کریم نگر، ونپرتی اور آصف آباد میں “اورنج الرٹ” جاری کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق عادل آباد، نرمل، نظام آباد اور کھمم اضلاع میں آئندہ دنوں کے دوران شدید گرم ہوائیں (ہیٹ ویو) چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اگلے دو دنوں میں شمالی اور جنوبی تلنگانہ کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق جمعرات سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جن میں غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز، پانی کا زیادہ استعمال اور بزرگوں و بچوں کا خصوصی خیال رکھنا شامل ہے۔

شدید گرمی کے اس سلسلے نے روزمرہ زندگی کو متاثر کر دیا ہے اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے بھی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں