’حیدرآباد (دکن فائلز) ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ این ہیتھاوے ایک بار پھر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں جب ایک تقریب کے دوران انہیں ایک مداح نے قرآنِ مجید بطور تحفہ پیش کیا، جسے انہوں نے خوشگوار حیرت اور مسکراہٹ کے ساتھ قبول کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ لندن میں ایک تقریب کے دوران اپنے مداحوں کو آٹوگراف دے رہی تھیں کہ اسی دوران ایک مداح آگے بڑھا اور انہیں قرآنِ پاک پیش کیا۔ مداح نے بتایا کہ جب اس نے ایک انٹرویو میں اداکارہ کو “انشاء اللہ” کہتے سنا تو اسی وقت اس نے فیصلہ کر لیا تھا کہ ملاقات ہونے پر وہ یہ مقدس کتاب بطور تحفہ ضرور پیش کرے گا۔
اداکارہ نے نہ صرف تحفہ قبول کیا بلکہ مداح کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔ اس واقعہ کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں این ہیتھاوے کی ایک ویڈیو عالمی سطح پر مقبول ہوئی تھی جس میں وہ مستقبل کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے “انشاء اللہ” کا جملہ استعمال کرتی نظر آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو بڑھتی عمر سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ یا تو انسان بڑھاپے کا سامنا کرتا ہے یا کم عمری میں موت کا۔ انہوں نے کہا کہ وہ “انشاء اللہ” ایک طویل اور صحت مند زندگی گزارنا چاہتی ہیں۔
این ہیتھاوے اپنے فلمی کیریئر میں متعدد کامیاب فلموں میں شاندار اداکاری کا مظاہرہ کر چکی ہیں اور انہیں آسکر ایوارڈ سمیت کئی بڑے اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ اس حالیہ واقعہ کے بعد ایک بار پھر وہ مداحوں کی محبت اور توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔


