حیدرآباد (دکن فائلز) چھتیس گڑھ کے ضلع مہاسمند میں اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) کے انچارج وجے کمار لہری کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ ان کے خلاف امتحانی پرچہ میں قابل اعتراض سوال شامل کرنے اور فرائض میں غفلت سمیت متعدد الزامات سامنے آئے۔
معطلی کی بڑی وجہ چوتھی جماعت کے انگریزی پرچہ میں شامل ایک متنازع سوال بنا، جس میں ہندو مذہب کی مقدس شخصیت رام کا نام کتے کے نام کے طور پر آپشن میں دیا گیا تھا۔ اس سوال نے مذہبی جذبات کو شدید مجروح کیا اور معاملہ فوری طور پر سرخیوں میں آ گیا۔
تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سوالیہ پرچے کی تیاری اور تقسیم کی مکمل ذمہ داری ضلعی تعلیمی افسر پر تھی، اور اس عمل میں شدید لاپرواہی برتی گئی۔ حکومت نے افسر کے خلاف مختلف دفعات کے تحت کاروائی شروع کردی ہے۔
محکمہ تعلیم کے مطابق وجے کمار لہری پر دیگر الزامات میں ہائی کورٹ سے متعلق معاملات میں بروقت کارروائی نہ کرنا، محکمانہ احکامات کی خلاف ورزی اور آڈٹ کے دوران سنگین مالی بے ضابطگیاں بھی شامل ہیں۔


