دہلی میں مسلم نوجوان کا قتل: اہلِ خانہ کا مذہبی بنیاد پر نشانہ بنانے کا الزام

حیدرآباد (دکن فائلز) دارالحکومت دہلی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 16 سالہ مسلم نوجوان کو بے دردی سے قتل کردیا گیا، جس پر اہلِ خانہ نے اسے مذہبی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مقتول، ایان صیفی، کو یکم مئی کو دہلی کے علاقے تریلوک پوری میں چند افراد نے گھیر کر چاقوؤں کے وار سے قتل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حملہ آوروں کی تعداد 8 سے 10 کے درمیان تھی اور انہوں نے نوجوان پر اندھا دھند حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اس کے جسم پر متعدد گہرے زخم آئے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول کو پہلے بھی دھمکیاں دی گئی تھیں اور اس نے پولیس سے رجوع بھی کیا تھا، مگر کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق نوجوان کو اس کی مذہبی شناخت کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا اور اسے پہلے تعاقب کرکے پھر قتل کیا گیا۔

شدید زخمی حالت میں اسے پہلے لال بہادر شاستری اسپتال منتقل کیا گیا اور بعد ازاں ایمس لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، تاہم مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر ملک میں اقلیتوں کے تحفظ اور بڑھتے ہوئے مذہبی تشدد کے حوالے سے سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں