حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں انجینئرنگ، زرعی اور فارمیسی کالجوں میں داخلوں کے لیے منعقد ہونے والا TG EAPCET 2026 کل یعنی 4 مئی سے شروع ہو رہا ہے، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سال ایک اہم تبدیلی یہ ہے کہ طلبہ کو امتحان مکمل ہوتے ہی کمپیوٹر اسکرین پر اپنے حاصل کردہ نمبر فوری طور پر دکھا دیے جائیں گے۔
حکام کے مطابق 4 اور 5 مئی کو ایگریکلچر اور فارمیسی اسٹریم کے امتحانات ہوں گے، جبکہ انجینئرنگ اسٹریم کے امتحانات 9 مئی سے 11 مئی تک آن لائن طریقے سے منعقد کیے جائیں گے۔ ہر دن امتحانات دو سیشنز میں ہوں گے، پہلا سیشن صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک جبکہ دوسرا سیشن دوپہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔
کنوینر ڈاکٹر کے وجے کمار ریڈی کے مطابق اس سال ریاست بھر سے مجموعی طور پر 3,01,194 طلبہ نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ ان میں 2,10,308 امیدوار انجینئرنگ جبکہ 90,569 طلبہ ایگریکلچر اور فارمیسی کورسز کے لیے امتحان دیں گے۔ تمام امیدواروں کے ہال ٹکٹس پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔
حکام نے طلبا کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے امتحانی مراکز پر پہنچیں۔ صبح کے سیشن کے لیے امیدواروں کو 7:30 بجے جبکہ دوپہر کے سیشن کے لیے 1:30 بجے تک مرکز میں داخل ہونا ضروری ہوگا۔ ایک منٹ کی تاخیر کی صورت میں بھی داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تمام امیدواروں کے لیے بایومیٹرک حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔ مزید برآں، جن طلبا، خاص طور پر طالبات کے ہاتھوں پر مہندی، ٹیٹو یا سیاہی کے نشانات ہوں گے، انہیں امتحانی مرکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
طلبا صرف بلیک یا بلیو پین، ہال ٹکٹ اور ایک درست شناختی کارڈ اپنے ساتھ لا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کیلکولیٹر، لاگ ٹیبلز، موبائل فون، اسمارٹ واچ یا کسی بھی قسم کے الیکٹرانک آلات امتحانی مراکز میں مکمل طور پر ممنوع ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں، اور طلبا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔


