مسلم آبادی 54 فیصد اور عیسائی صرف دیڑھ فیصد ہونے کے باوجود ملاپورم میں کانگریس کے کرسچن امیدوار کامیابی کے قریب، کے ٹی جلیل کو شکست کا سامنا

حیدرآباد (دکن فائلز) کیرالہ کے ملاپورم ضلع میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی سیاسی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں کانگریس کے امیدوار وی ایس جوائے، تھوانور اسمبلی نشست پر برتری حاصل کیے ہوئے ہیں اور تاریخ رقم کرنے کے قریب ہیں۔ اگر وہ کامیاب ہوتے ہیں تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی عیسائی امیدوار نے مسلم اکثریتی ملاپورم ضلع سے کامیابی حاصل کی ہو۔

وی ایس جوائے کا مقابلہ سابق وزیر اور موجودہ آزاد امیدوار کے ٹی جلیل سے تھا، جنہوں نے شکست تسلیم کرتے ہوئے عوامی فیصلے کا احترام کیا اور جوائے کو مبارکباد دی۔

ملاپورم کی آبادیاتی صورتحال خاصی پیچیدہ ہے، جہاں تقریباً 54 فیصد آبادی مسلمان، جبکہ عیسائی صرف 1.4 فیصد ہیں۔ اس کے باوجود جوائے کی کامیابی میں اہم کردار انڈین یونین مسلم لیگ کی حمایت نے ادا کیا، جس نے اپنے اختلافات کے باعث جلیل کو شکست دینے کے لیے کانگریس امیدوار کی تائید کی۔

یہ انتخاب نہ صرف سیاسی بلکہ سماجی سطح پر بھی اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ یہ روایتی ووٹنگ پیٹرن میں تبدیلی اور سیاسی اتحادوں کی نئی شکل کو ظاہر کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ نتیجہ کیرالہ کی پیچیدہ سماجی و سیاسی ساخت میں ایک نئی جہت کا اضافہ کر سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں