حیدرآباد (دکن فائلز) ہندوستان کی سرحدی ریاست پنجاب میں دو مختلف مقامات پر چند گھنٹوں کے اندر ہونے والے دھماکوں نے سیکیورٹی نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پہلا دھماکہ امرتسر کینٹ کے قریب جبکہ دوسرا جالندھر میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ہیڈکوارٹر کے باہر پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق جالندھر میں ایک اسکوٹر میں دھماکہ ہوا جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ابتدائی معلومات میں کہا گیا کہ اسکوٹر کے قریب دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا یا اسے استعمال کیا گیا، جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق مشتبہ افراد واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
حکام کے مطابق دونوں واقعات میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم ایک واقعہ میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع سامنے آئی ہے۔
دھماکوں کے بعد پنجاب بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فارنزک ٹیمیں موقع پر پہنچ کر تحقیقات میں مصروف ہیں۔
سیاسی ردعمل بھی تیزی سے سامنے آیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے ریاست میں قانون و نظم کی صورتحال پر سوال اٹھاتے ہوئے اسے “سنگین سیکیورٹی ناکامی” قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق چونکہ پنجاب ایک حساس سرحدی ریاست ہے، اس لیے ایسے واقعات قومی سلامتی کے تناظر میں انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔


