بڑی خبر: تلنگانہ ایپسیٹ EAPCET 2026 کے نتائج کی تاریخ کا اعلان

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ انجینئرنگ، ایگریکلچر اینڈ فارمیسی کامن انٹرنس ٹیسٹ (ٹی جی ای اے پی سیٹ 2026) کے نتائج کا انتظار کرنے والے لاکھوں طلبہ کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے۔ ریاستی محکمۂ اعلیٰ تعلیم نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ ای اے پی سیٹ 2026 کے نتائج 26 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔

محکمۂ اعلیٰ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق انجینئرنگ، ایگریکلچر اور فارمیسی شعبوں کے امتحانات کے نتائج آئندہ دس دنوں کے اندر طلبہ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ اس اعلان کے بعد ریاست بھر کے طلبہ میں بے چینی اور دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔

حکام نے پہلے ہی ای اے پی سیٹ 2026 سے متعلق ابتدائی ’’آنسر کی‘‘، ماسٹر سوالیہ پرچے اور طلبا کی ریسپانس شیٹس سرکاری ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں۔ انجینئرنگ اسٹریم کے امیدوار اگر ابتدائی ’’آنسر کی‘‘ پر کسی سوال کے تعلق سے اعتراض درج کرانا چاہتے ہیں تو وہ 14 مئی صبح 11 بجے تک آن لائن طریقے سے اپنے اعتراضات داخل کر سکتے ہیں۔ جبکہ ایگریکلچر اور فارمیسی شعبوں کے اعتراضات داخل کرنے کی آخری تاریخ ختم ہو چکی ہے۔

گزشتہ برس کی طرح اس بار بھی ہر سوال پر اعتراض درج کرانے کے لیے 500 روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ اگر طلبہ کا اعتراض درست ثابت ہوتا ہے تو نتائج جاری ہونے کے سات دن کے اندر فیس واپس کر دی جائے گی۔ موصول ہونے والے اعتراضات کا ماہرین کی کمیٹی جائزہ لے گی، جس کے بعد حتمی ’’آنسر کی‘‘ جاری کی جائے گی۔ اسی بنیاد پر حتمی نتائج اور رینک لسٹ جاری کی جائے گی، جس کے بعد مختلف کورسز میں داخلے کے لیے کاؤنسلنگ کا عمل شروع ہوگا۔

واضح رہے کہ ایگریکلچر اور فارمیسی امتحانات 4 اور 5 مئی کو منعقد ہوئے تھے، جن میں 90,977 طلبہ نے رجسٹریشن کروایا جبکہ 84,954 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ انجینئرنگ امتحانات 9 سے 11 مئی کے درمیان آن لائن طریقے سے ریاست بھر کے مختلف مراکز میں منعقد کیے گئے، جن کے لیے 2,10,766 امیدواروں نے درخواست دی تھی جبکہ 1,97,241 طلبہ نے امتحان دیا۔

طلبا سرکاری ویب سائٹ سے اپنی ریسپانس شیٹس، آنسر کی اور ماسٹر سوالیہ پرچے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ نتائج کے اعلان کے بعد کاؤنسلنگ شیڈول بھی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں