میکرون کو اہلیہ نے تھپڑ رسید کیوں کیا تھا؟ نئی کتاب کے دعوے پر فرانس میں پھر بحث

حیدرآباد (دکن فائلز) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون ایک بار پھر اپنی نجی زندگی سے متعلق خبروں کے باعث زیر بحث ہیں۔ ایک نئی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مئی 2025 میں ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی میں طیارے سے اترتے وقت خاتون اول بریجیٹ میکرون اور صدر میکرون کے درمیان جو تلخ لمحہ کیمرے میں قید ہوا تھا، اس کی وجہ مبینہ طور پر ایرانی نژاد فرانسیسی اداکارہ گل شفتے فرحانی سے متعلق پیغامات تھے۔

فرانسیسی صحافی فلورین تاردیف کی کتاب An Almost Perfect Couple میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بریجیٹ میکرون نے صدر کے فون پر اداکارہ کے ساتھ مبینہ پیغامات دیکھے، جس کے بعد دونوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی۔ کتاب کے مطابق میکرون نے مبینہ طور پر اداکارہ کو پیغام میں لکھا تھا کہ وہ “بہت خوبصورت” لگتی ہیں، جبکہ مصنف نے اسے “platonic relationship” قرار دیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت دوبارہ خبروں میں آیا جب گزشتہ سال ویتنام کے دورے کے دوران طیارے کے دروازے پر میکرون اور ان کی اہلیہ کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا تھا۔ اس ویڈیو کو کئی لوگوں نے تلخ لمحہ قرار دیا، تاہم اس وقت میکرون نے اسے مذاق اور قریبی لمحہ بتایا تھا۔

دوسری جانب بریجیٹ میکرون کے نمائندوں نے کتاب میں کیے گئے دعوؤں کو سختی سے مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ خاتون اول اپنے شوہر کا فون چیک نہیں کرتیں۔ فرانسیسی صدارتی دفتر نے بھی اس واقعے کو میاں بیوی کے درمیان ہلکا پھلکا مذاق قرار دیا تھا۔

ایرانی نژاد اداکارہ گل شفتے فرحانی نے بھی میکرون کے ساتھ کسی تعلق کی افواہوں کو مسترد کیا ہے۔ اس لیے اس خبر کو فی الحال کتاب کے دعوے اور تردیدوں کے تناظر میں ہی دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ اب تک ان الزامات کے حق میں کوئی آزاد اور ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں