حیدرآباد (دکن فائلز): ملک بھر کی مختلف رویت ہلال کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ ذوالحجہ 1447 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد 19 مئی بروز منگل کو یکم ذوالحجہ اور 28 مئی بروز جمعرات کو عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا اجلاس حسینی بلڈنگ معظم جاہی مارکٹ میں منعقد ہوا، جہاں مختلف علاقوں سے موصولہ اطلاعات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ کسی مقام سے معتبر شرعی شہادت موصول نہ ہونے کے باعث چاند نظر آنے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شرعی اصولوں کے تحت اعلان کیا کہ ذوالقعدہ کے 30 دن مکمل کیے جائیں گے اور 19 مئی کو یکم ذوالحجہ ہوگی، جبکہ 28 مئی کو پورے ملک میں عیدالاضحیٰ منائی جائے گی۔
ماہِ ذوالحجہ اسلامی کیلنڈر کے مقدس ترین مہینوں میں شمار ہوتا ہے، جس کی آمد کا پوری دنیا کے مسلمان بے چینی سے انتظار کرتے ہیں۔ اسی مہینے میں حج کا عظیم اجتماع منعقد ہوتا ہے جہاں لاکھوں فرزندانِ توحید خانۂ کعبہ میں جمع ہو کر اللہ تعالیٰ کے حضور لبیک کہتے ہیں۔
ذوالحجہ کے پہلے دس دنوں کو اسلام میں خصوصی فضیلت حاصل ہے۔ علما کے مطابق ان دنوں میں کی جانے والی عبادات، دعا، ذکر، تلاوتِ قرآن، روزے اور صدقات کا اجر کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔ بالخصوص یومِ عرفہ کو بے حد عظمت والا دن قرار دیا گیا ہے۔
عیدالاضحیٰ مسلمانوں کے لیے ایثار، قربانی، محبت اور اطاعتِ خداوندی کا پیغام لے کر آتی ہے۔ اس موقع پر مسلمان حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی سنت کو زندہ کرتے ہوئے اللہ کی رضا کے لیے قربانی پیش کرتے ہیں اور غریبوں و محتاجوں کے ساتھ خوشیاں بانٹتے ہیں۔


