’ملک میں معاشی طوفان آنے والا ہے اور وزیراعظم اٹلی میں ٹافیاں بانٹ رہے ہیں‘: راہل گاندھی کا مودی پر شدید حملہ

حیدرآباد (دکن فائلز) کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ملک ایک بڑے ’’معاشی طوفان‘‘ کی طرف بڑھ رہا ہے، جبکہ حکومت اصل مسائل سے توجہ ہٹانے میں مصروف ہے۔ رائے بریلی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بحران میں غیر معمولی اضافہ ہوسکتا ہے۔

راہل گاندھی نے وزیراعظم مودی کے حالیہ غیر ملکی دورہ اور اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی کے ساتھ وائرل ’’میلوڈی‘‘ لمحہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ملک میں معاشی طوفان سر پر منڈلا رہا ہے اور ہمارے وزیراعظم اٹلی میں ٹافیاں بانٹ رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کسان، مزدور، نوجوان، خواتین اور چھوٹے تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں، مگر حکومت سوشل میڈیا ریلس اور تشہیری مہمات میں مصروف ہے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وزیراعظم مودی انہیں ’’Melody‘‘ ٹافیوں کا تحفہ دیتے دکھائی دیے۔ ویڈیو کے بعد ’’Melodi‘‘ ہیش ٹیگ دوبارہ سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔ کانگریس نے اس موقع کو حکومت پر تنقید کے لیے استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت بحران میں ہے، جبکہ وزیراعظم عوامی مسائل کے بجائے علامتی اور تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

رائے بریلی کے خطاب میں راہل گاندھی نے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گزشتہ برسوں میں ہندوستان کا معاشی نظام چند بڑے صنعت کاروں کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی، چھوٹے تاجر اور متوسط طبقہ شدید دباؤ میں ہے، جبکہ بڑے کارپوریٹ گھرانوں کو فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ حکومت عوام سے سونا نہ خریدنے، غیر ملکی سفر کم کرنے اور اخراجات محدود رکھنے کی اپیل کررہی ہے، لیکن دوسری جانب خود وزیراعظم ایک مہنگے خصوصی طیارہ میں پانچ ممالک کے دورہ پر روانہ ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کی پالیسیاں زمینی حقیقت سے کٹی ہوئی ہیں اور آنے والے وقت میں اس کے سنگین معاشی اثرات سامنے آسکتے ہیں۔

کانگریس رہنما نے یہ بھی کہا کہ اگر موجودہ معاشی صورتحال پر فوری توجہ نہ دی گئی تو عام آدمی کے لیے زندگی مزید مشکل ہوجائے گی۔ ان کے مطابق پٹرول، گیس، کھاد اور روزمرہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر بڑا بوجھ بننے والا ہے۔

بی جے پی نے راہل گاندھی کے بیانات کو ’’مایوسی پر مبنی سیاست‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی عالمی سطح پر ہندوستان کی شبیہ مضبوط کررہے ہیں اور اپوزیشن صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے منفی بیانیہ پیش کررہی ہے۔ تاہم راہل گاندھی کے بیانات اور ’’میلوڈی‘‘ ویڈیو نے ایک نئی سیاسی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں معیشت، مہنگائی، سوشل میڈیا سیاست اور حکومت کی ترجیحات پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

راہل گاندھی نے مغربی ایشیا میں بڑھتی کشیدگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر عالمی سطح پر تیل، ڈیزل اور کھاد کی سپلائی متاثر ہوئی تو ہندوستان میں مہنگائی مزید بڑھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو مزدوروں، کسانوں اور چھوٹے تاجروں کو بچانے کی فکر کرنی چاہیے، لیکن وزیر اعظم بیرونی دوروں اور بڑے صنعت کاروں کے مفادات میں مصروف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں