حیدرآباد (دکن فائلز) شہر حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کو کم کرنے کے لیے ایک اور بڑا اسٹیل فلائی اوور عوام کے لیے تیار ہوگیا ہے۔ ملک پیٹ کے نلگنڈہ کراس روڈ سے اویسی ہاسپٹل تک تعمیر کیے گئے اس جدید اسٹیل فلائی اوور کا افتتاح 2 جون کو تلنگانہ یومِ تاسیس کے موقع پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کریں گے۔
تقریباً 3.32 کلومیٹر طویل اور چھ رویہ اس فلائی اوور کو 630 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق منصوبہ کی بیشتر تعمیراتی سرگرمیاں مکمل ہوچکی ہیں اور افتتاحی تقریب کی تیاریاں جاری ہیں۔ اس فلائی اوور کے ذریعہ کنچن باغ، چندرائن گٹہ، سعید آباد اور اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔
اس منصوبہ کو مکمل کرنے کے دوران کئی رکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ مقامی افراد نے دعویٰ کیا تھا کہ فلائی اوور کی تعمیر سے بعض مذہبی مقامات متاثر ہوسکتے ہیں، جبکہ اراضی حصول کے مرحلہ میں بھی دشواریاں پیش آئیں۔ بعد ازاں حکام نے مقامی عوام سے بات چیت کرکے مسائل حل کیے اور تعمیراتی کام مکمل کیا۔
جی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرناں نے حال ہی میں تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے حکام کو مقررہ وقت میں تمام کام مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ فلائی اوور میں اویسی ہاسپٹل تک اپ ریمپ جبکہ اکبر باغ کے مقام پر ڈاؤن ریمپ تعمیر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سے شہریوں کو تیز اور آسان سفر کی سہولت میسر آئے گی۔


