حیدرآباد (دکن فائلز) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے بڑے سرمایہ کاری گھوٹالہ کیس میں اہم کارروائی کرتے ہوئے نوہیرا شیخ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پر عوام سے تقریباً 5600 کروڑ روپے کے ڈپازٹس جمع کرنے اور سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کے سنگین الزامات عائد ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نوہیرا شیخ گزشتہ کچھ عرصہ سے مفرور تھیں اور اپنی شناخت چھپاتے ہوئے گروگرام (گڑگاؤں) میں مقیم تھیں۔ ای ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ وہ مبینہ طور پر فرضی آدھار کارڈ استعمال کر رہی ہیں۔ اس اطلاع کے بعد حکام نے کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ای ڈی اب نوہیرا شیخ کو مزید تفتیش کے لیے حیدرآباد منتقل کرے گی، جہاں ان سے سرمایہ کاری اسکیم، فنڈز کی منتقلی اور دیگر مالی معاملات کے بارے میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔
الزامات کے مطابق ہیرा گروپ آف کمپنیز نے عوام کو سرمایہ کاری پر سالانہ 36 فیصد منافع دینے کا لالچ دیا تھا۔ اسی وعدے کے تحت بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنی جمع پونجی کمپنی میں لگائی۔ تاہم بعد میں نہ صرف منافع کی ادائیگی بند ہو گئی بلکہ سرمایہ کاروں کو ان کی اصل رقم بھی واپس نہیں ملی۔
متاثرین کی بڑی تعداد نے شکایات درج کروائیں، جس کے بعد ای ڈی نے منی لانڈرنگ اور مالی بے ضابطگیوں کے تحت کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نوہیرا شیخ کی گرفتاری اس پورے معاملے میں ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔


