حیدرآباد (دکن فائلز) خاندان اور معاشرہ میں والدین کے احترام کو بنیادی اہمیت دینے والے ہندوستانی سماج میں ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جس نے عوامی توجہ حاصل کرلی۔ حیدرآباد کی ایک عدالت نے اپنے ضعیف والدین کو مسلسل ہراساں اور ذہنی اذیت دینے والے شخص کو جیل کی سزا سنادی ہے۔ نامپلی اسپیشل جوڈیشیل کورٹ نے اس معاملہ میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ملزم کو 60 دن قید کی سزا دی۔
پولیس کے مطابق ملزم اپنے بزرگ والدین کے ساتھ ناروا سلوک کرتا تھا اور انہیں ذہنی طور پر شدید پریشان کررہا تھا۔ والدین کی شکایت پر نارائن گوڑہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی تھیں۔ دورانِ سماعت عدالت نے شواہد اور بیانات کی بنیاد پر ملزم کو قصوروار قرار دیا۔
حیدرآباد پولیس کمشنر وی سی سجنار نے عدالت کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ والدین کی عزت اور حفاظت ہر اولاد کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ بزرگ والدین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ سجنار نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے والدین کی خدمت اور احترام کو زندگی کا حصہ بنائیں، کیونکہ بزرگ افراد کی دل آزاری صرف اخلاقی جرم نہیں بلکہ قانونی جرم بھی بن سکتی ہے۔
شہری زندگی کی مصروفیات اور خاندانی نظام میں تبدیلی کے باعث بزرگ والدین کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔ ایسے میں عدالت کا یہ فیصلہ معاشرہ کے لیے ایک اہم پیغام تصور کیا جارہا ہے کہ والدین کی عزت و خدمت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔


