حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ اور آندھرا پردیش اس وقت شدید گرمی اور خطرناک ہیٹ ویو کی زد میں ہیں، جہاں محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ کئی اضلاع میں ریڈ الرٹ نافذ کردیا گیا ہے جبکہ شدید گرمی کے سبب تلنگانہ میں 34 افراد کی اموات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی اور مشرقی تلنگانہ کے اضلاع میں گرمی کی شدت مزید کئی دن برقرار رہ سکتی ہے۔ سرپور، منچریال، جگتیال، کریم نگر اور رام گنڈم جیسے علاقوں میں درجہ حرارت 46.5 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کرچکا ہے۔ خشک اور گرم ہوائیں صورتحال کو مزید خطرناک بنارہی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گرمی سے متاثر ہونے والوں میں بزرگ، یومیہ مزدور، کسان اور طلبہ زیادہ شامل ہیں۔ کئی مقامات پر لوگ دھوپ میں بے ہوش ہوگئے جبکہ سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ محکمہ صحت نے عوام کو دوپہر کے وقت گھروں سے باہر نہ نکلنے، زیادہ پانی پینے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تلنگانہ حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے جبکہ مختلف اضلاع میں پانی، طبی امداد اور سایہ دار مقامات کی خصوصی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث جنوبی ہند میں شدید گرمی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔


