حج 1447ھ میں عازمین کی تعداد کا نیا ریکارڈ قائم، 17 لاکھ سے زائد فرزندانِ اسلام نے سعادتِ حج حاصل کی

حیدرآباد (دکن فائلز) سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے حج 1447ھ / 2026 کے باضابطہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ رواں سال فریضۂ حج کی ادائیگی کے دوران عازمین کی تعداد نے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ رپورٹ کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 17 لاکھ 7 ہزار 301 فرزندانِ اسلام نے حج کی سعادت حاصل کی، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال حج ادا کرنے والوں کی تعداد 16 لاکھ 73 ہزار 230 ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ اس مرتبہ یہ تعداد بڑھ کر 17 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، جسے سعودی حکام نے ایک بڑی انتظامی کامیابی قرار دیا ہے۔

محکمہ شماریات کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی 165 مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 15 لاکھ 46 ہزار 655 غیر ملکی حجاج کرام نے فریضۂ حج ادا کیا۔ ان میں وہ غیر ملکی بھی شامل ہیں جو سعودی عرب میں مقیم ہیں۔

رپورٹ کے مطابق سعودی شہریوں اور مملکت میں مقیم افراد پر مشتمل داخلی حجاج کی تعداد 1 لاکھ 60 ہزار 646 رہی، جنہوں نے اس سال مناسکِ حج ادا کیے۔

اعداد و شمار کے مطابق مجموعی حجاج میں مردوں کی تعداد 8 لاکھ 93 ہزار 396 رہی، جبکہ خواتین حجاج کی تعداد 8 لاکھ 13 ہزار 905 ریکارڈ کی گئی، جو اس عظیم اجتماع میں خواتین کی بھرپور شرکت کو ظاہر کرتی ہے۔

سعودی محکمہ شماریات نے بتایا کہ بیرونِ ملک سے آنے والے بیشتر حجاج نے فضائی راستہ اختیار کیا۔ رپورٹ کے مطابق 14 لاکھ 85 ہزار 729 افراد ہوائی سفر کے ذریعے سعودی عرب پہنچے، جبکہ 54 ہزار 429 حجاج زمینی راستوں سے مملکت میں داخل ہوئے۔ اس کے علاوہ 6 ہزار 497 عازمین بحری راستے کے ذریعے سعودی عرب پہنچے۔

سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات نے واضح کیا کہ حج کے یہ تمام اعداد و شمار وزارتِ داخلہ کے ایڈمنسٹریٹو ریکارڈز کی بنیاد پر مرتب کیے گئے ہیں، جنہیں ایک جدید اور متحد شماریاتی ماڈل کے تحت جمع کیا گیا تاکہ انتہائی درست اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کی جا سکیں۔

حکام کے مطابق گزشتہ چھ برسوں سے جدید ڈیجیٹل نظام اور مربوط ڈیٹا مینجمنٹ ماڈل استعمال کیا جا رہا ہے، جس کے ذریعے حجاج کی تعداد، ان کی آمد و رفت اور دیگر انتظامی امور کی نگرانی مؤثر انداز میں ممکن بنائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات مملکت میں شماریاتی معلومات اور قومی اشاریوں کا واحد سرکاری ادارہ ہے، جو منظور شدہ بین الاقوامی معیار کے مطابق مختلف شعبوں کے اعداد و شمار جاری کرنے کا ذمہ دار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں