حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ کی کانگریس حکومت ریاستی عوام کو سرکاری فلاحی اسکیموں کے فوائد زیادہ مؤثر، شفاف اور منظم انداز میں فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اور انقلابی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی ہدایت پر حکومت نے آدھار کارڈ کی طرز پر ’’یونیفائیڈ ویلفیئر کارڈ‘‘ (Unified Welfare Card) متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے ذریعے تمام سرکاری فلاحی اسکیموں کو ایک ہی پلیٹ فارم سے جوڑ دیا جائے گا۔
حکومت کے مجوزہ منصوبے کے مطابق شہریوں کو مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھانے کے لیے الگ الگ دستاویزات یا رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ ایک ہی کارڈ کے ذریعے پنشن، راشن، مفت بجلی، ہیلتھ انشورنس، تعلیمی امداد اور دیگر فلاحی پروگراموں سے استفادہ ممکن ہوگا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے سرکاری اسکیموں میں فرضی اندراجات اور ایک ہی شخص کی جانب سے متعدد بار فوائد حاصل کرنے جیسے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔ اس کارڈ کے ذریعے حکومت ریاست کے تمام خاندانوں کا ایک جامع ڈیٹا بیس تیار کرے گی، جس میں ان کی معاشی اور سماجی صورتحال کا ریکارڈ موجود ہوگا۔
وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کو منتخب علاقوں میں بطور پائلٹ پروجیکٹ نافذ کیا جائے تاکہ اس کی افادیت، تکنیکی چیلنجز اور عوامی ردعمل کا جائزہ لیا جا سکے۔ کامیابی کی صورت میں اسے مرحلہ وار پوری ریاست میں نافذ کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو تلنگانہ فلاحی اسکیموں کے انتظام اور ڈیجیٹل گورننس کے میدان میں ملک کی دیگر ریاستوں کے لیے ایک مثال بن سکتا ہے۔


