ناگپور کے طالب علم کا امتحانی مرکز ابو ظہبی میں الاٹ، این ٹی اے پر سوالات اٹھنے لگے

حیدرآباد (دکن فائلز) ری-نیٹ یو جی 2026 امتحان سے قبل نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) ایک نئی انتظامی غلطی کی وجہ سے تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔ مہاراشٹر کے شہر ناگپور سے تعلق رکھنے والے ایک امیدوار کو ہندوستان کے بجائے متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی میں امتحانی مرکز الاٹ کیے جانے کا حیران کن معاملہ سامنے آیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق عبداللہ محمد طالب نامی امیدوار نے جب ری-نیٹ 2026 کا ایڈمٹ کارڈ سرکاری ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا تو وہ یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ اس کا امتحانی مرکز ابو ظہبی میں واقع ایک بھارتی اسکول درج کیا گیا ہے۔ عبداللہ نے امتحان کے لیے ناگپور سے درخواست دی تھی اور اسے توقع تھی کہ امتحانی مرکز مہاراشٹر یا کسی قریبی ریاست میں ہوگا۔

معاملے کی سنگینی اس وقت مزید بڑھ گئی جب معلوم ہوا کہ طالب علم کے پاس پاسپورٹ بھی موجود نہیں ہے، جس کے باعث بیرونِ ملک جا کر امتحان دینا اس کے لیے ممکن ہی نہیں۔ سوشل میڈیا پر ایڈمٹ کارڈ کی تصویر وائرل ہونے کے بعد طلبہ اور والدین نے این ٹی اے کے انتظامات پر سوالات اٹھانے شروع کر دیے ہیں۔

یاد رہے کہ نیٹ یو جی 2026 کا دوبارہ امتحان 21 جون کو منعقد ہونے جا رہا ہے۔ گزشتہ امتحان کے دوران پرچہ لیک ہونے کے الزامات کے بعد این ٹی اے کو پہلے ہی شدید تنقید کا سامنا ہے، اور اب یہ نئی غلطی امتحانی نظام کی شفافیت اور انتظامی صلاحیت پر مزید سوالیہ نشان بن گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق معاملہ این ٹی اے حکام کے نوٹس میں لایا گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ طالب علم کو بروقت نیا امتحانی مرکز الاٹ کیا جائے گا تاکہ وہ امتحان میں شرکت سے محروم نہ رہے۔ طلبہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے معاملات کی فوری جانچ کر کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں