تلنگانہ میں موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی، حیدرآباد سمیت کئی اضلاع میں الرٹ جاری، عوام کو احتیاط کی ہدایت

حیدرآباد (دکن فائلز) تلنگانہ میں موسم نے اچانک کروٹ لے لی ہے اور محکمہ موسمیات نے آئندہ کئی دنوں تک شدید بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ریاست کے مختلف اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

حیدرآباد کے کچھ علاقوں سمیت کئی علاقوں میں بادل چھانے کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جون تک ریاست کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں، آسمانی بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کے امکانات موجود ہیں۔

سنگاریڈی، وقارآباد، کاماریڈی، بھونگیر، نلگنڈہ، سوریا پیٹ، جنگاؤں، میدک، محبوبنگر، ناگر کرنول، کتہ گوڑم اور دیگر اضلاع میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

حیدرآباد شہر اور مضافاتی علاقوں ناراپلی، رام پلی، گھٹکیسر، بودوپل، پیرزادہ گوڑہ، حیات نگر اور ناگول میں ہفتہ کی شام گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں بارشوں کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں 24 جون تک درمیانی سے شدید بارشیں اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ موسمی ماہر ٹی بالاجی نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ شہر میں رات کے اوقات میں درمیانی سے شدید بارشیں ہوسکتی ہیں جبکہ ریاست کے کئی اضلاع میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

تلنگانہ ڈیولپمنٹ پلاننگ سوسائٹی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ 74.5 ملی میٹر بارش ضلع نلگنڈہ میں ریکارڈ کی گئی جبکہ حیدرآباد میں ماریڈ پلی کے علاقے میں 14 ملی میٹر بارش ہوئی۔

حکام نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، نشیبی علاقوں میں احتیاط برتنے اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔ مسلسل گرمی اور حبس سے پریشان عوام کے لیے یہ بارشیں اگرچہ راحت کا باعث بن رہی ہیں، تاہم شدید بارشوں کے سبب ٹریفک اور شہری زندگی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں