وینزویلا میں قیامت خیز زلزلہ: 10 ہزار سے ایک لاکھ تک ہلاکتوں کا خدشہ

حیدرآباد (دکن فائلز) جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے بعد ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق چند لمحوں کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں نے مغربی وینزویلا سمیت دارالحکومت کاراکاس اور متعدد دیگر علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے۔

ابتدائی سرکاری اطلاعات کے مطابق کم از کم 32 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، تاہم امدادی اداروں کو خدشہ ہے کہ ملبے تلے بڑی تعداد میں افراد دبے ہوئے ہیں، جس کے باعث ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے نے ‘بہت زیادہ ہلاکتوں اور وسیع نقصان’ سے متعلق خبردار کیا ہے، ابتدائی اندازوں کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 10,000 سے زیادہ اور ایک لاکھ تک ہوسکتی ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے ابتدائی تجزیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر متاثرہ علاقوں سے مکمل معلومات سامنے آئیں تو جانی نقصان ہزاروں تک پہنچنے کا خدشہ بھی موجود ہے۔ اس کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد ہزاروں میں ہوسکتی ہے۔ ایک بیان میں بتایا گیا کہ شدید زلزلہ کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے زیادہ اور ایک لاکھ تک ہونے کا خدشہ ہے۔

زلزلوں کے باعث متعدد رہائشی اور تجارتی عمارتیں منہدم ہو گئیں، سڑکوں میں دراڑیں پڑ گئیں جبکہ دارالحکومت کاراکاس سمیت مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔ کئی علاقوں میں بجلی، ٹرانسپورٹ اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے۔ حکام نے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے کو نقصان پہنچنے کے بعد عارضی طور پر بند کر دیا ہے جبکہ اسکولوں اور دیگر سرکاری اداروں کی سرگرمیاں بھی معطل کر دی گئی ہیں۔

قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں، افواہوں سے گریز کریں اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ ملبے تلے دبے افراد کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔

امدادی کارروائیوں میں فوج، فائر بریگیڈ، طبی ٹیموں اور سینکڑوں ریسکیو اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ پڑوسی ممالک اور بین الاقوامی اداروں نے بھی امداد کی پیشکش کی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے وینزویلا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ماہرین ارضیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں تک آفٹر شاکس (بعد کے جھٹکے) آنے کا امکان برقرار ہے، اس لیے شہری غیر محفوظ عمارتوں میں داخل ہونے سے گریز کریں اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔ امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور حکام کے مطابق نقصانات اور جانی نقصان کی اصل تصویر آئندہ چند روز میں مزید واضح ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں