بالی ووڈ کی سب سے مشہور جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی اتنی خفیہ انداز میں کیوں ہوئی، پہلی مرتبہ اداکارہ نے میڈیا پر انکشاف کر دیا۔
گزشتہ رات بالی ووڈ کے فلم فیئر ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی جہاں سب کی نظریں کترینہ کیف اور وکی کوشل پر جمی رہیں کیونکہ یہ پہلا ایسا ایوارڈ شو ہے جہاں شادی کے بعد اس جوڑی نے شرکت کی ہے۔
ریڈ کارپیٹ پر جگماتی ساڑھی میں واک کرنے والی کترینہ کیف نے بھارتی میڈیا کو ایک چھوٹا سا انٹرویو بھی دیا جوکہ سوشل میڈیا کی زینت بنا ہوا ہے۔
اس انٹرویو میں پہلی مرتبہ اداکارہ نے اپنی شادی کے راز سے پردہ اُٹھاتے ہوئے بتایا کہ آخر ان کی شادی اتنی خفیہ کیوں رکھی گئی تھی۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اسے نجی رکھنے کی کوشش کرنے سے زیادہ ہمیں کووڈ کی وجہ سے شادی کو محدود رکھنا پڑا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرا خاندان ذاتی طور پر کووڈ سے متاثر ہوا تھا اور یہ وہ چیز تھی جسے آپ کو سنجیدگی سے لینا تھا۔ میرے خیال میں یہ سال بہت بہتر گزرا ہے، لیکن یہ وہ چیز تھی جس سے ہم محتاط رہنا چاہتے تھے، شادی خوبصورت تھی اور ہم دونوں بہت خوش ہیں‘۔
عالمی وباء کے بعد پہلی مرتبہ کسی ایوارڈ شو میں شرکت کرنے کے حوالے سے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ اب دنیا خطرے سے باہر ہے یہ پہلا ایوارڈ شو ہے جس میں میں نے کووڈ کے بعد شرکت کی ہے اور میں یہاں آ کر خوش ہوں‘۔