متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں مشرق وسطیٰ میں پہلی مرتبہ عربی کے نایاب اور اسلامی مخطوطات کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔
شارجہ میں منعقد کیے جانے والے 41 ویں عالمی کتب میلے میں آنے والے والوں کو قدیم مخطوطات اور کتابوں کی زیارت کا موقع مل سکے گا۔
خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق زیر غور نمائش مشرق وسطیٰ میں پہلی بار منعقد کی جائے گی، 12 روزہ نمائش کا مقصد عرب کی تہذیب اور علم کے میدان میں کردار کو اجاگر کرنا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق کتب میلہ زائرین کو صدیوں پرانے نایاب عربی، اسلامی مخطوطات اور کتابوں کو دریافت کرنے اور پڑھنے کا موقع فراہم کر رہا ہے، جن میں سے کچھ نسخے 13ویں صدی عیسوی کے ہیں۔
اس کے علاوہ نمائش میں رکھے جانے والے نایاب مخطوطات کے مجموعے 15ویں اور 16ویں صدی میں قرآن پاک سے نقل کیے گئے ہیں جو ابھرے ہوئے اور سنہری صفحات پر مشتمل ہیں۔
اس نمائش میں خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کے شجرہ نسب کا ایک نادر نسخہ بھی شامل کیا گیا ہے۔