کرناٹک کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا اس پر سسپینس اب ختم ہوگیا ہے۔ کانگریس پارٹی نے آج باضابطہ طور پر اعلان کردیا کہ سدارامیا، کرناٹک کے وزیراعلیٰ ہوں گے جبکہ ڈی کے شیوکمار واحد نائب وزیراعلیٰ ہوں گے۔
کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کرناٹک کانگریس انچارج نے آج ایک میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس پارٹی کی کامیابی کےلئے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ ساتھ پارٹی کے سبھی قائدین نے بہت محنت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس جمہوری پارٹی ہے یہاں آمریت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سدارامیا کو کرناٹک کا وزیر اعلی اور ڈی کے شیوکمار کو واحد نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی کے شیوکمار پارلیمانی انتخابات کے اختتام تک کرناٹک میں پی سی سی صدر کے طور پر برقرار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ کو باضابطہ طور پر منتخب کرنے کے لیے آج شام بنگلورو میں نو منتخب کانگریس ایم ایل ایز کی میٹنگ ہوگی۔
اطلاعات کے مطابق 20 مئی کو بنگلور میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوگی جس میں وزیراعلیٰ، ڈپٹی وزیراعلیٰ اور کچھ وزراء حلف لیں گے۔


