کرناٹک میں نئی حکومت کی حلف برداری، سدارمیا بنے وزیر اعلیٰ اور ڈی کے شیوکمار نے نائب وزیر اعلیٰ کا لیا حلف، اللہ اور والدہ کے نام پر ضمیر احمد کی کابینی وزیر کی حیثیت سے حلف برداری

کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈر سدا رمیا نے دوسری مرتبہ کرناٹک کے وزیراعلیٰ کے طورپر جبکہ کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیو کمارنے نائب وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس کے ساتھ آٹھ دیگر ایم ایل اے نےبھی وزیر کے طور پر حلف لیا۔
بنگلورو میں ہونے والی اس حلف برداری کی تقریب میں کانگریس کے تمام بڑے لیڈروں کے ساتھ ساتھ اپوزیشن کی علاقائی پارٹیوں کے لیڈران بھی شامل ہیں۔ کانگریس لیڈرراہل گاندھی اور پرینکا گاندھی حلف برداری کی اس تقریب میں موجود تھیں۔ تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار، نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ،سی پی آئی ایم لیڈرسیتا رام یچوری، چھتیس گڑھ کے وزیراعلیٰ بھوپیش باگھیل، راجستھان کے وزیراعلیٰ اشوک گہلوت اور ہماچل پردیش کے وزیر سکھویندرسنگ سکھو بھی اس موقع پرموجود تھے۔
بی زیڈ ضمیر احمد خان نے اللہ اور اپنی والدہ کے نام پر انگریزی میں حلف اٹھایا۔ چامراج پیٹ سے موجودہ ایم ایل اے بی زیڈ۔ ضمیر احمد خان نے 2023 کے کرناٹک انتخابات میں اپنی پانچویں جیت درج کی، جس نے بی جے پی کے نئے چیلنجر سابق اعلیٰ پولیس افسر بھاسکر راؤ کو 53,953 ووٹوں سے کامیابی کے ساتھ شکست دی۔ گزشتہ سال یہ حلقہ عیدگاہ میدان تنازعہ کی وجہ سے خبروں میں رہا تھا۔
ضمیر خان نے چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ کو اپنے گڑھ کے طور پر برقرار رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے جنتا دل (سیکولر) کے امیدوار کے طور پر تین بار کامیابی حاصل کی (ضمنی انتخاب میں پہلی بار)، 2018 اور 2023 میں، انہوں نے کانگریس سے کامیابی حاصل کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں