مہاراشٹرا کے مختلف علاقوں میں جہاں ایک طرف اورنگ زیب کی تصویر کو لیکر فرقہ پرست طاقتیں ہنگامہ کررہی ہیں وہیں دوسری جانب آج آئین کے خالق ڈاکٹر امبیڈکر کے پوتے پرکاش امبیڈکر نے خلد آباد میں واقع اورنگ زیب کے مقبرہ پر حاضری دی اور گلہائے عقیدت پیش کیا۔ ونچت بہوجن اگھاڑی کے چیف پرکاش امبیڈکر کے اقدام پر تمام فرقہ پرست چراغ پا ہوگئے۔ انہوں نے سبھی کو حیران کردیا۔
اطلاعات کے مطابق اورنگ زیب کی مزار پر حاضری دینے کے بعد پرکاش امبیڈکر نے کہا کہ اورنگ زیب نے ہندوستان میں 50 سال تک حکومت کی ہے، کیا اس تاریخی حقیقت کو کوئی مٹاسکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اگر گالیاں ہی دینی ہیں تو جئے چند کو دیجیے، اورنگ زیب کو کیوں برا بھلا کہا جارہا ہے؟ جئے چندوں کی وجہ سے ہی غیرملکی طاقتیں طاقتور ہوئی ہیں، اس میں اورنگ زیب کا کیا قصور ہے؟
انہوں نے مہاراشٹرا حکومت پر تنقد کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت چاہتی تو اورنگ زیب کے نام پر فساد نہیں ہوتے۔ حکومت فساد کو روکنے میں ناکام ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں وزیراعلیٰ ہوتا تو اس طرح کے فسادات نہیں ہوتے۔


