حیدرآباد میں گونگی بہری خاتون کی عصمت ریزی، ملزم سائی کو پولیس نے گرفتار کرلیا

حیدرآباد کے ہمایوں نگر میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ درندہ صفت نوجوان نے ایک گونگی بہری خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق وجے نگر کالونی کا رہنے والا سائی، متاثرہ کے گھر میں اس وقت داخل ہوا جب وہاں کوئی نہیں تھا۔ اس نے خاتون کو زبردستی باتھ روم میں بند کرکے اس کی عصمت دری کی۔

اطلاعات کے مطابق سائی نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد گونگی بہری خاتون کو واش روم میں بند کرکے باہر سے دروازہ بند کردیا اور فرار ہوگیا۔ چونکہ خاتون بول نہیں سکتی، اسی لئے یہ کسی کو آواز بھی نہیں دےسکی۔ جس وقت یہ دردناک واقعہ پیش آیا اس وقت گھر کے دیگر افراد رشتہ دار کی مزاج پرسی کےلئے ہسپتال گئے ہوئے تھے۔
متاثرہ خاتون نے گھر والوں کو جنسی زیادگی سے متعلق بتایا تو انہوں نے فوری طور پر پولیس میں اس کی شکایت درج کرائی جس کے بعد ہمایوں نگر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ایک اور اطلاع کے مطابق سائی کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں