مراقش میں شدید زلزلے سے قیامت صغریٰ برپا، ہلاکتیں ایک ہزار سے متجاوز، اموات میں مزید اضافے کا خدشہ

مراقش میں خوفناک زلزلے کے بعد قیامت صغریٰ کے مناظر ہیں اور ہر طرف ملبے کا ڈھیر تباہی کی داستانیں سنا رہے ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے، قدرتی آفت میں اب تک 1037 افراد ہلاک اور 1200 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مراقش میں تباہ کن زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، جس سے عمارتیں لرز اٹھیں اور سیکڑوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ حکام کے مطابق علاقے کی تاریخی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ تازہ اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1037 تک پہنچ گئی جبکہ اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، زخمیوں کی تعداد بھی 1200 تک پہنچ گئی۔

زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، تاہم مواصلاتی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بجلی بند ہونے کی وجہ سے علاقے تاریکی میں ڈوب گئے، جس کے باعث خوفزدہ شہریوں نے رات کھلےمقامات اورسڑکوں پرگزاری۔

امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق شدید زلزلہ مراقش کےپہاڑی علاقے اٹلس میں آیا، جس کامرکز مراقش کے جنوب مغرب میں 75 کلومیٹر دور تھا۔ زیر زمین گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کاسلسلہ تاحال جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں