مراقش کے تباہ کن زلزلے میں ہلاک افرادکی تعداد 2 ہزار 862 تک پہنچ گئی

حیدرآباد (دکن فائلز) مراقش کے تباہ کن زلزلے میں ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 862 ہو گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تباہ کن زلزلے میں ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 862 تک جا پہنچی ہے جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جمعہ کی رات کو مراقش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز مراقش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ حکام کے مطابق زلزلے سے عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ زلزلے سے متاثرہ افراد کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہیں۔

حکام کا بتانا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں کئی عمارتیں زمیں بوس ہو گئیں جبکہ درجنوں عمارتوں کو جزوی نقصان پہنچا، زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں