حماس کے حملوں میں کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 600 سے متجاوز، 1590 افراد زخمی

فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینیئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 600 سے تجاوز کرگئی جبکہ 1590 افراد زخمی ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی ہے۔

اسرائیلی اخبار کے مطابق حماس سے جھڑپ میں سینیئر ترین اسرائیلی فوجی کرنل جوناتھن اسٹینسبرگ بھی ہلاک ہو ئے جبکہ حماس کی جانب سے سینیئر اسرائيلی کمانڈر میجر جنرل نمرود الونی سمیت متعدد افراد کو یرغمال بنانے اور اسرائیل پر 7 ہزار سے زیادہ راکٹ داغنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

فلسطین اور اسرائیل کے مابین حالیہ کشیدگی کے بعد بھارت، ترکیہ اور آسٹریا کی ائیرلائنز سمیت درجنوں ائیر لائنز نے اسرائیل کیلئے اپنی پروازیں معطل کردیں ہیں۔

واضح رہےکہ ہفتے کی صبح غزہ سے اسرائیل پر 7000 راکٹ فائر کیے گئے جس کے بعد فلسطین اور اسرائیل میں جنگ چھڑ گئی، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر زمین، سمندر اور فضا سے کیے گئے حملوں میں صیہونی فوجیوں سمیت 600 سے زائد اسرائیلی ہلاک، سیکڑوں زخمی اور درجنوں یرغمال بنالیے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں